آن لائن زیادہ محفوظ رہنے کے لیے کریٹیکل سوچ سے کیسے کام لیا جائے (صحیح اور غلط کو سمجھنے کا طریقہ) (How to use critical thinking to stay safer online)
لوگ آن لائن جو باتیں شیئر کرتے ہیں، ان میں سے کچھ سچ اور کام کی باتیں ہوتی ہیں۔ کچھ دوسری آن لائن چیزیں فیک (جعلی) یا خطرے والی ہوتی ہیں۔ آپ آن لائن جو چیزیں دیکھیں، ان میں صحیح اور غلط کا فرق کرنا سیکھنا کریٹیکل سوچ کا حصہ ہے۔
کریٹیکل سوچ کا کیا مطلب ہے، اور مجھے ایسی سوچ سے کیوں کام لینا چاہیے؟
انٹرنیٹ پر ہر کوئی تصویریں، وڈیوز، انفارمیشن اور خیالات شیئر کر سکتا ہے۔ اس میں یہ شامل ہیں:
- آپ
- آپ کے دوست اور گھر والے
- کمپنیاں
- انفلوئنسرز اور مشہور لوگ
- دھوکے باز لوگ (scammers)
- آرٹیفیشل انٹیلیجنس روبوٹس (AI bots)۔
کریٹیکل سوچ کا مطلب یہ ہے کہ آن لائن کسی بھی چیز پر یقین کرنے سے پہلے سوالات پوچھنا اور دوسرے ذرائع سے اس کی تصدیق کرنا بہتر ہوتا ہے۔ آپ اپنے ٹیچر یا اپنے بھروسے کے کسی انسان سے پوچھ سکتے ہیں یا اچھی شہرت رکھنے والی دوسری آن لائن سائیٹس سے چیک کر سکتے ہیں کہ آپ نے جو دیکھا، پڑھا یا سنا ہے، کیا وہ اعتبار کے لائق ہے۔
- یہ چیک کرنا کئی وجہوں سے اہم ہے جیسے:
- کچھ انفارمیشن جھوٹی ہوتی ہے
- کچھ وڈیوز اور تصویریں فیک ہوتی ہیں
- کچھ لوگ پوسٹس اور کامنٹس صرف اس لیے شیئر کرتے ہیں کہ آپ کو اپنی مرضی پر چلائیں/چکر دیں/دھوکا دیں
- کچھ لوگ پوسٹس اور کامنٹس صرف اس لیے شیئر کرتے ہیں کہ آپ ان کی باتوں میں آ کر پیسے خرچیں۔
ایلگوردھم کا کیا مطلب ہے اور اس سے مجھے نظر آنے والے کانٹینٹ پر کیسے اثر پڑتا ہے؟
ایلگوردھم ایسا کمپیوٹر پروگرام ہوتا ہے جو خود چنتا ہے کہ آپ کو کیا دکھایا جائے۔ بہت سی ایپس اایلگوردھمز استعمال کر کے آپ کو زیادہ دیر آن لائن مصروف رکھتی ہیں۔ جب آپ زیادہ دیر آن لائن رہتے ہیں تو آپ زیادہ اشتہار دیکھتے ہیں۔ جب آپ زیادہ اشتہار دیکھتے ہیں تو ایپس کی زیادہ کمائی ہوتی ہے۔
ایلگوردھمز کی وجہ سے آپ اکثر بار بار ایک ہی قسم کا کانٹینٹ دیکھتے ہیں۔ اس کی وجہ سے آپ کو مختلف نظریات یا خیالات سننے کو نہیں ملتے۔ اسے کبھی کبھار ایکو چیمبر (echo chamber) بھی کہا جاتا ہے (وہی باتیں بار بار سنانے والی جگہ)۔
آپ کریٹیکل سوچ سے کام لے کر ایکو چیمبرپہچان سکتے ہیں اور یہ سمجھ سکتے ہیں کہ آپ اس میں پھنس چکے ہیں۔ کریٹیکل سوچ ایک اہم صلاحیت ہے جو آپ کو آن لائن محفوظ رہنے میں مدد دے سکتی ہے۔
یہ پتہ چلانے کے طریقے کہ آن لائن کن باتوں پر اعتبار کیا جائے
یہاں خطرے کی کچھ نشانیاں بتائی جا رہی ہیں جن سے پتہ چل سکتا ہے کہ آپ کو آن لائن دکھائی دینے والی کسی چیز میں خطرہ ہے یا اس پر یقین نہیں کرنا چاہیے:
- جذباتی، ڈرامائی ہیڈلائنز جیسے ساری بات کیپیٹل لیٹرز میں لکھی ہونا - یہ سٹائل اکثر اس لیے استعمال کیا جاتا ہے کہ آپ کی توجہ حاصل ہو یا آپ کلک کر دیں۔
- ایسے بڑے بڑے وعدے جو سچ نہیں ہو سکتے - جیسے یہ میسیجز کہ آپ کچھ کرنے سے رقم جیت جائیں گے یا یہ میسیجز کہ ایک گولی یا ایک پراڈکٹ سے ہر مسئلہ حل ہو جائے گا۔ یہ باتیں اکثر اس لیے کہی جاتی ہیں کہ آپ کو شوق پیدا ہو اور آپ کلک کر دیں یا کچھ خرید لیں۔
- جلدی مچانا یا دباؤ ڈالنا - دھوکے باز اس طرح کے میسیجز استعمال کرتے ہیں کہ 'ابھی قدم اٹھائیں' یا 'جلدی کریں'۔ وہ چاہتے ہیں کہ آپ کو جلدی ڈال کر آپ سے برا فیصلہ کروا لیں۔
- جو کہا جا رہا ہو، اس کی تصدیق کے لیے کوئی ثبوت نہ ہونا - سچی باتوں کا ثبوت تو دوسری اعتبار کے لائق جگہوں سے مل سکتا ہے جیسے گورنمنٹ ویب سائيٹس اور ریسرچ آرگنائزیشنز سے۔
- ایسی تصویریں یا وڈیوز جو ایڈٹ کی ہوئی یا فیک لگتی ہوں - جیسے بڑے ہی چکنے چہرے، یا وڈیو میں ایک انسان ایسی باتیں بتا رہا ہو یا کچھ ایسا کر رہا ہو جو آپ اس انسان سے کہنے یا کرنے کی توقع نہ کریں گے۔
- مشتبہ ای میل ایڈریسز، اکاؤنٹ نیمز یا لنکس - اگر میسیج یا پوسٹ میں رقم یا پرسنل انفارمیشن - جیسے آپ کے پاس ورڈز یا گھر کا پتہ - مانگی جا رہی ہو تو خبردار ہو جائیں۔
آن لائن زیادہ محفوظ رہنے کے لیے آسان سٹیپس
اس تین سٹیپس والے طریقے سے آپ پتہ چلا سکتے ہیں کہ کیا آپ کوئی رِسک والی چیز پڑھ یا دیکھ رہے ہیں۔
1 رکیں
ان کاموں سے پہلے کچھ دیر رکیں:
- لنک پر کلک کرنا
- پوسٹ شیئر کرنا
- میسیج کا جواب دینا
- پرسنل انفارمیشن بھیجنا۔
رکنے سے آپ کو سوچنے کا وقت مل جاتا ہے۔
2 سوچیں
یہ فیصلہ کرنے کے لیے خود سے سوالات پوچھیں کہ کیا کوئی خطرہ ہو سکتا ہے۔
- کیا کوئی خبردار کرنے والے اشارے موجود ہیں کہ اس پر یقین نہیں کرنا چاہیے؟
- یہ کس نے بنایا یا شیئر کیا؟ کیا میں ان پر بھروسا کر سکتا/سکتی ہوں؟
- کیا میں اس انسان یا بزنس کو جانتا/جانتی ہوں؟
- یہ کیا چاہتے ہیں؟ کیا یہ مجھے کچھ بیچنے کی کوشش کر رہے ہیں؟
- کیا یہ اعتبار کے لائق بات لگتی ہے؟ کیا یہ نہایت حیرانی کی بات ہے، یا حد سے بڑھی ہوئی بات ہے؟
- مجھے اس کی وجہ سے کیسا لگ رہا ہے؟ ڈر، خوشی، غصہ؟
- یہ اس کے بعد مجھ سے کیا کروانا چاہتے ہیں؟ میں شیئر کروں، خریدوں، کلک کروں، جواب دوں؟
- کیا یہ 'ارجنٹ' ہے؟ کیا کوئی مجھ سے جلدی سے کچھ کروانے کی کوشش کر رہا ہے؟
- کیا یہ تصویریں، وڈیوز یا دعوے جھوٹ ہو سکتے ہیں؟ کیا یہ شیئر کرنا محفوظ ہے یا شیئر کرنے کے بعد مجھے پچھتاوا ہو گا؟ کیا اس سے کسی کو نقصان یا دکھ پہنچ سکتا ہے، کوئی غلط استعمال ہو سکتا ہے یا اس وجہ سے میری بدنامی ہو گی؟
3 چیک کریں
اگر وہ انسان بتا نہ رہا ہو کہ یہ انفارمیشن کہاں سے آئی ہے تو آپ خود آفیشل سائیٹس اور بھروسے کے لائق آرگنائزیشنز سے چیک کریں کہ کیا یہ انفارمیشن سچ ہے۔ مثال کے طور پر:
- خبروں کی نیشنل یا سٹیٹ ویب سائیٹس
- گورنمنٹ ویب سائیٹس
- انفارمیشن چیک کرنے والی سائیٹس جیسے factcheck.org یا Snopes۔
کسی تصویر یا وڈیو کو دیکھ کر کہنا مشکل ہوتا ہے کہ کیا یہ فیک ہے مگر ایسی نشانیوں سے ان کے فیک ہونے کا پتہ چل سکتا ہے:
- چہرہ یا منہ ٹھیک طرح نہ ہل رہا ہو
- سکن بہت زیادہ چکنی اور برابر لگتی ہو
- وڈیو ایکدم اچھلتی ہوئی لگے یا اٹکتی ہو
اگر آپ AI کی مدد سے یا چیٹ بوٹ استعمال کر کے سرچ کر رہے ہوں تو یہ نہ سمجھیں کہ یہ آپ کو درست بتا رہا ہے۔ یہ ضرور یاد رکھنا چاہیے:
- AI باتیں گھڑتی بھی ہے اور بڑے یقین سے بتاتی ہے چاہے یہ غلطیاں کر رہی ہو
- AI کتابوں اور ویب سائیٹس جیسی جگہوں سے سیکھتی ہے جو لوگوں نے بنائی ہوتی ہیں اس لیے یہ آپ کو ان لوگوں کی دی ہوئی غلط انفارمیشن، غیرمنصفانہ
- رائے اور خطرناک مشورے دے سکتی ہے۔
- AI چیٹ بوٹس اور کمپینیئن ایپس آپ کو ایسا احساس دلا سکتی ہیں جیسے آپ ان کے ساتھ بڑی خوشی اور سہارا دینے والے رشتے میں ہوں مگر یہ اصلی انسان نہیں ہوتے اور انہیں کوئی پروا نہیں ہوتی کہ ان کی باتیں آپ کے لیے ٹھیک ہیں یا نہیں، اس لیے یہ آپ کو نقصان دہ اور ڈسٹرب کرنے والے کانٹینٹ کی طرف لے جا سکتی ہیں۔
مدد کیسے لی جائے
یہ ضرور یاد رکھیں کہ چاہے آپ کی عمر کچھ بھی ہو، اگر آپ کو آن لائن کوئی نقصان دہ تجربہ ہو تو آپ کو مدد مانگنی چاہیے - چاہے آپ کی عمر 16 سال سے کم ہو اور آپ کے ساتھ برا واقعہ ایسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہوا ہو جس کے لیے عمر کی پابندیاں ہیں۔ اگر آپ نے اب بھی وہاں اکاؤنٹ رکھا ہوا ہے تو آپ کو نہ ڈانٹ پڑے گی نہ سزا ملے گی۔
اگر آپ آن لائن کسی چیز یا کسی انسان کو ٹھیک سے نہ سمجھ سکیں یا آپ کو سٹریس، پریشر، کنفیوژن، فکر یا خطرے کا احساس ہو تو آپ کے لیے کچھ مشورے یہ ہیں:
- اپنے بھروسے کے کسی بڑے سے بات کریں جیسے:
- ماں، باپ یا آنٹی
- آپ کے کیئرر
- آپ کے ٹیچر
- آپ کے کوچ
- کمیونٹی میں کوئی سپّورٹ پرسن۔
- کسی کاؤنسلنگ اینڈ سپّورٹ سروس سے مدد مانگیں جیسے Kids Helpline (5 سے 25 سال عمر کے لوگوں کے لیے) جس سے آپ 1800 55 1800 پر فون کر کے یا www.kidshelpline.com.au پر جا کر مدد مانگ سکتے ہیں۔ یہ ایک مفت اور رازدارانہ (پرائیویسی رکھنے والی) سروس ہے جس سے ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے کانٹیکٹ ہو سکتا ہے۔
- نقصان دہ یا غیر قانونی کانٹینٹ کی رپورٹ کریں جیسے کسی پلیٹ فارم پر فیک تصویریں یا وڈیوز (خاص طور پر سیکسوئل تصویریں یا وڈیوز) نظر آنے پر اُس پلیٹ فارم کو رپورٹ کریں۔ eSafety Guide سارے سٹیپس بتاتی ہے کہ مختلف پلیٹ فارمز، ایپس اور ویب سائیٹس پر نقصان دہ کانٹینٹ کی رپورٹ کیسے کی جائے۔
- اگر پلیٹ فارم مدد نہ کرے تو یہ پتہ کرنے کے لیے کسی سے مدد لیں کہ کیا eSafety.gov.au/report پرeSafety کو رپورٹ کی جا سکتی ہے۔ eSafety سائبربلنگ، بالغوں کی سائبر ایبیوز اور امیجز کے ایبیوز (یعنی ایک انسان کی اجازت کے بغیر اس کی انتہائی پرائیویٹ تصویریں شیئر کرنا یا شیئر کرنے کی دھمکی دینا) اور غیر قانونی اور پابندیوں کے تحت کانٹینٹ کی بھی تفتیش کر سکتا ہے۔
- اپنی پرائیویسی سیٹنگز اور سیفٹی سیٹنگز کو استعمال کر کے ان لوگوں کے کامنٹس میوٹ کر دیں اور ان کے ساتھ کانٹیکٹ کم کر دیں جو آپ پر پریشر ڈالتے ہوں یا آپ کو ڈراتے ہوں - اور آپ پلیٹ فارم کو ان لوگوں کی رپورٹ کرنے کے بعد انہیں بلاک بھی کر سکتے ہیں۔
Last updated: 29/07/2026